Showing posts with label اردو غزل، میری پسند. Show all posts
Showing posts with label اردو غزل، میری پسند. Show all posts


شوقین مزاجوں کے رنگین طبیعت کے
وہ لوگ بلا لاؤ نمکین طبیعت کے


دکھ درد کے پیڑوں پر اب کے جو بہار آئی
پھل پھول بھی آئے ہیں غمگین طبیعت کے


خیرات محبت کی پھر بھی نہ ملی ہم کو
ہم لاکھ نظر آئے مسکین طبیعت کے


اب کے جو نشیبوں میں پرواز ہماری ہے
ہم کون سے ایسے تھے شاہین طبیعت کے


دیکھی ہے بہت ہم نے یہ فلم تعلق کی
کچھ بول تکلف کے کچھ سین طبیعت کے


اس عمر میں ملتے ہیں کب یار نشے جیسے
دارو کی طرح تیکھے کوکین طبیعت کے


اک عمر تو ہم نے بھی بھرپور گزاری ہے
دو چار مخالف تھے دو تین طبیعت کے


تم بھی تو میاں فاضلؔ اپنی ہی طرح کے ہو
دیں دار زمانے کے بے دین طبیعت کے
شاعر:

فاضل جمیلی

1968

کراچی میں مقیم اردو کے معروف صحافی اور شاعر